سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر بلااشتعال تشدد کی مذمت کرتا ہوں، علامہ سید شہنشاہ نقوی
شیعیت نیوز : خطیبِ پاکستان علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے دوران عالمِ دین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور دیگر نہتے عوام پر بلااشتعال تشدد اور طاقت کے بے دریغ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمِ دین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ کیا گیا سلوک نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ ہمارے مجموعی اخلاقی رویّوں پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں قابلِ قبول نہیں ہو سکتے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصرعباس کی توہین کے خلاف حوزہ علمیہ قم سے جوامع روحانیت اور مدارس علمیہ کی سخت الفاظ میں مذمت
علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ سخت ترین سردی میں واٹر کینن کا استعمال درحقیقت انسانی، اسلامی اور جمہوری اقدار کی پامالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو تحفظ فراہم کریں، نہ کہ ان پر تشدد روا رکھیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حفاظتی ادارے اس واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی کریں تاکہ عوام کا ریاستی نظام پر اعتماد بحال ہو سکے۔







