لبنان جنگ نہیں چاہتا مگر جھکے گا بھی نہیں، حسن فضل اللہ کا دو ٹوک اعلان
شیعت نیوز: حزب اللہ سے وابستہ پارلیمانی بلاک کے رکن حسن فضل اللہ نے کہا ہے کہ لبنان جنگ نہیں چاہتا مگر صہیونی دشمن کے سامنے ہرگز تسلیم نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی عنوان یا نعرے کے تحت لبنان کو جھکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا لبنان کو صہیونی دشمن کے ہاتھ بیچا جا سکتا ہے اور کیا اپنی حاکمیت، آزادی اور عزت سے دستبردار ہوا جا سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ممالک جب سخت حالات سے گزرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ وہ دشمن کے آگے ہتھیار ڈال دیں، بلکہ داخلی اتحاد کے ذریعے ان چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی مسلح افواج ہر خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہے، میجر جنرل امیر حاتمی
فضل اللہ نے مزید کہا کہ ہم ہر روز دشمن کی جارحیت کا سامنا کرتے ہیں، لیکن صہیونی کبھی بھی ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ اسرائیل کی کوشش ہے کہ لبنانی عوام کو سرحدی علاقوں میں اپنے گھروں کو واپس جانے سے روکے۔ اگر لبنان میں مزاحمت اور باہمت عوام نہ ہوتے تو صہیونی دشمن کب کا ہماری سرزمین پر قبضہ کر چکا ہوتا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ تل ابیب کا اصل مقصد جنوبی لبنان سے مقامی آبادی کو بے دخل کر کے اس علاقے میں نئی بستیاں تعمیر کرنا ہے، تاہم لبنانی مزاحمت نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔







