اقبال کا پیغام ہر عہد میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے، جعفر طیار لائبریری کراچی
شیعیت نیوز : جعفر طیار لائبریری کراچی میں یوم اقبال کی مناسبت سے فکر اقبال کے عنوان سے ایک علمی و فکری سیمینار منعقد ہوا، جس میں اہل علم و ادب، اساتذہ، شعرا اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت معروف شاعر قیصر عباس قیصر نے انجام دی، جبکہ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔
سیمینار میں ماہر اقبالیات ڈاکٹر عابد شیروانی نے فکر اقبال عصر حاضر کے آئینے میں کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے تقریباً ایک صدی قبل جن فکری، تہذیبی اور معاشرتی رجحانات کی نشان دہی کی تھی، ان کی معنویت آج بھی برقرار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقبال کا پیغام کسی مخصوص دور یا نسل تک محدود نہیں بلکہ ہر عہد کے انسان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نوجوان شاہین اقبال جیسا کردار اپنا کر بلند نظری کو شعار بنائیں، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
پاکستان کی ممتاز شاعرہ، محقق اور نقاد ڈاکٹر فاطمہ حسن نے بھی علامہ اقبال کی شخصیت، فکر اور شاعری کے مختلف پہلوؤں پر عالمانہ اظہار خیال کیا۔ لائبریری کے سربراہ مولانا ڈاکٹر نسیم حیدر زیدی نے اقبال کی شاعری کے قرآنی سرچشموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ قرآن حکیم سے حاصل شدہ فکر، خودی، عمل اور یقین کی ترجمان ہے۔
سیمینار میں پروفیسر اقبال حماد، پروفیسر مہدی حسن زیدی، پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر بلوچ، پروفیسر آصف نقوی، پروفیسر جمیل زیدی اور دیگر اساتذہ و اہل قلم نے خصوصی شرکت کی۔ پروفیسر جمیل زیدی نے اپنی نظم اقبال سے شکوہ بھی پیش کی۔







