اسرائیلی فوج نے سینئر افسران پر اینڈروئیڈ فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی
شیعت نیوز: صہیونی فوج نے 7 اکتوبر کی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے اہلکاروں، خصوصاً سینئر افسران کے لیے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
النشرہ کے مطابق اسرائیلی آرمی ریڈیو نے رپورٹ دیا ہے کہ فوج نے حساس معلومات کے تحفظ اور ممکنہ سائبر دراندازی کے خطرات کم کرنے کے لیے موبائل فون کے استعمال پر نئی سخت پابندیاں نافذ کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دورِ باطل کے خاتمے کا وقت قریب ہے، شیخ نعیم قاسم
رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایک داخلی تحقیق کے بعد کیا گیا، جس میں سفارش کی گئی کہ فوجی افسران کی جانب سے اسمارٹ فون کے استعمال پر دوبارہ پابندیاں عائد کی جائیں اور فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے آلات پر نگرانی مزید سخت کی جائے۔
گذشتہ برسوں میں اسرائیلی فوج صرف کرنل اور اس سے اوپر کے رتبے کے افسران کو امریکی ساختہ ’آئی فون‘ سرکاری استعمال کے لیے فراہم کرتی تھی۔ فوج کے مطابق اینڈروئیڈ سسٹم کے حامل فونز سائبر دراندازی کے زیادہ خطرے سے دوچار ہوسکتے ہیں، اسی لیے آئی فون کو نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
نئی پابندی کے تحت اب اس دائرہ کار کو مزید بڑھا دیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ کرنل اور اس سے بالا رتبے کے افسران بھی اینڈروئیڈ فون استعمال نہیں کرسکیں گے، جس سے سینکڑوں افسران اس ممنوعہ فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔







