فرانس میں افغان شہری گرفتار: داعش خراسان سے مبینہ رابطوں کا الزام
شیعیت نیوز: اے ایف پی کے مطابق فرانس کے انسدادِ دہشت گردی پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ گرفتار شخص پر دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مشتبہ شخص گزشتہ ہفتے لیون شہر سے گرفتار کیا گیا اور عدالتی تحویل میں ہے۔
انسدادِ دہشت گردی یونٹ کے مطابق گرفتار شخص پر شبہ ہے کہ وہ داعشِ خراسان سے رابطے میں تھا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں یونیسف کارکن رائد العفیفی کی گرفتاری، انسانی حقوق اداروں کی شدید تشویش
مزید بتایا گیا کہ مشتبہ شخص پر الزام ہے کہ وہ اس تنظیم کی تشہیری مہم میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رقوم بھیج رہا تھا اور پیغامات کا ترجمہ و ترسیل بھی کر رہا تھا۔ داعش خراسان افغانستان میں سرگرم داعش کا ایک ذیلی گروہ ہے، جو وسطی ایشیا کی سابق سوویت ریاستوں میں بھی کارروائیاں کرتا ہے۔
یہ گروہ افغانستان اور روس میں متعدد خونریز حملوں کا ذمہ دار ہے، جن میں مارچ 2024 میں ماسکو کے کنسرٹ ہال پر حملہ بھی شامل ہے جس میں 150 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
فرانسیسی روزنامہ لو پریزیاں کے مطابق مذکورہ افغان شخص چند برس قبل فرانس آیا تھا اور اسے ڈی جی ایس آئی کے اہلکاروں نے لیون کے ایک حراستی مرکز سے گرفتار کیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ مشتبہ شخص پہلے ہی دہشت گردی کے نظریات پھیلانے کے الزام میں زیرِ تفتیش تھا اور ٹک ٹاک و سنیپ چیٹ پر انتہا پسندانہ مواد کی تدوین اور تشہیر میں سرگرم تھا۔







