مسلکی اختلاف کے باوجود احترام و اخوت ناگزیر، کوئٹہ میں شیعہ سنی علماء کی نشست
شیعیت نیوز : جامعہ امام صادقؑ علمدار روڈ کوئٹہ میں شیعہ و سنی علماء کے درمیان ایک دوستانہ، علمی اور محبت و اخوت پر مبنی نشست منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلکی و فقہی اختلافات کے باوجود احترام، شائستگی اور باہمی اعتماد کا برقرار رہنا ناگزیر ہے۔ رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی کی جامعہ آمد پر مہتمم، اساتذہ اور طلبہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
نشست میں جامعہ امام صادقؑ کے مہتمم علامہ بہادر حسین موحدی، علامہ محمد ابراہیم حلیمی، علامہ اکبر حسین زاہدی، استاد محمد یوسف طاہری، استاد فدا حسین مطہری، مولانا علی محمد جوادی اور علامہ حسین علی لطفی سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ شریک ہوئے۔ جامعہ کے اساتذہ کے اصرار پر مولانا محمد خان شیرانی نے دونوں نمازوں کی امامت کی، جسے باہمی اعتماد اور اتحاد و وحدت کی خوبصورت مثال قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سیستان و بلوچستان میں اہل سنت علماء کا قتل شیعہ سنی اتحاد کمزور کرنے کی کوشش ہے
نشست میں اس امر پر زور دیا گیا کہ علمی نشستوں کا مقصد ایک دوسرے کو غلط ثابت کرنا یا اختلافات کو ہوا دینا نہیں بلکہ باہمی فہم و شعور میں اضافہ اور علمی روابط کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے۔ شرکاء نے کہا کہ کسی رائے سے اختلاف کو ذاتی مخالفت یا دوسرے مکتب فکر کی توہین کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
شرکاء نے کہا کہ علماء ایک دوسرے کی مجالس میں شرکت کریں، باہمی ملاقاتوں کا اہتمام کریں اور مشترکہ نماز و اجتماعی سرگرمیوں میں شریک ہوں، اس سے غلط فہمیوں کا ازالہ اور معاشرے میں رواداری، برداشت اور اتحاد و وحدت کی فضا مستحکم ہوتی ہے۔







