گلگت، انجمن امامیہ کا اجلاس، ریاستی متعصبانہ پالیسیوں پر شدید تشویش

31 اکتوبر, 2025 10:41

شیعیت نیوز : مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت قائدِ ملتِ جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی جامعِ امامیہ مسجد کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ذیلی انجمنوں کے صدور، مشاورتی کونسل کے اراکین، ہیئتِ آئمہ جماعت کے نمائندگان اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران موجودہ حالاتِ امن و امان، ملتِ جعفریہ کے نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دوہری پالیسیوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکائے اجلاس نے اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ ہفتوں میں مرکزی انجمن امامیہ اور ذیلی انجمنوں کی جانب سوشل میڈیا پر توہینِ مذہب کے ارتکاب میں تقریباً پچیس (25) کے قریب افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، مگر اس کے باوجود متعلقہ افراد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، جبکہ دوسری جانب ملتِ تشیع کے پرامن نوجوانوں کو بلا جواز گرفتار کیا جا رہا ہے۔ یہ طرزِ عمل ریاستی انصاف، عدل اور مساوات کے اصولوں کے سراسر منافی ہے۔ اجلاس میں واضح طور پر کہا گیا کہ دو طرفہ اور متعصبانہ پالیسی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پارہ چنار بس حملہ کیس: جسٹس مسرت ہلالی کے سخت ریمارکس: “اپنا دشمن پہچانیں”

مزید برآں، اجلاس میں سال 2022ء میں قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید راحت حسین الحسینی کے قافلے پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کو بھی شدت سے اُجاگر کیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں ملت کے دو بے گناہ نوجوان شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ اتنے عرصے گزر جانے کے باوجود ان شہداء کے قاتلوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ اجلاس نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی ازسرِنو تحقیقات کی جائیں اور اصل محرکات و ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اجلاس کے اختتام پر تمام ذیلی انجمنوں، ہیئتِ آئمہ جماعت، مشاورتی کونسل اور ملی تنظیموں کے نمائندگان نے مرکزی انجمن امامیہ اور قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید راحت حسین الحسینی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہر سطح پر ان کے فیصلوں پر لبیک کہنے اور آئندہ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے عزمِ مصمم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ملت کے حقوق کے تحفظ، انصاف کی فراہمی، اور گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے متحدہ جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

1:52 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔