آیت اللہ شبیری زنجانی کا انتقال حوزات علمیہ اور عالم تشیع کے لیے عظیم سانحہ ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمِ ربانی اور عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے حوزات علمیہ اور عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ یہ فقیدِ سعید حوزۂ علمیہ قم کے علمی ستونوں اور عصرِ حاضر کی نمایاں فقہی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے اپنی بابرکت زندگی تحصیلِ علم، تدریس، تحقیق، شاگردوں کی تربیت اور مکتب اہلِ بیتؑ کے علمی ورثے کی پاسبانی میں بسر کی۔ فقہ و اصول میں گہری بصیرت، علمِ رجال و حدیث میں مہارت اور فضلا کی ایک نسل کی تربیت ان کی علمی حیات کے درخشاں پہلو تھے۔ ان کی علمی تصانیف اور گراں قدر ورثہ معارفِ اہلِ بیتؑ میں تحقیق کے سفر کے لیے ہمیشہ روشن چراغ رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: مجلس وحدت مسلمین کے پہلے سہ ماہی ڈویژنل شوریٰ اجلاس کا انعقاد
علامہ ساجد نقوی نے اس عظیم سانحے پر حضرت ولی عصر امام مہدی (عج)، ولی امرِ مسلمین، مراجعِ عظام، حوزاتِ علمیہ، مرحوم کے شاگردوں اور بالخصوص ان کے سوگوار خاندان کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کی۔ انہوں نے بارگاہِ خداوندِ متعال میں مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل و اجرِ جزیل کی دعا کی۔







