یمن پر سعودی جارحیت محاذِ مزاحمت کو کمزور کرنے کی امریکی سازش ہے، علامہ جواد نقوی
علامہ سید جواد نقوی
شیعیت نیوز : تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جارحیت دراصل دہائیوں سے جاری محاذِ مزاحمت کو کمزور کرنے کی امریکی سازشوں کا حصہ ہے۔ امریکہ خطے میں جو مقاصد خود حاصل کرنے سے عاجز رہا، اب وہ اپنے اتحادیوں کے ذریعے فرقہ واریت اور حرمین شریفین جیسے مقدسات کو جنگی اوزار بنا کر حاصل کرنا چاہتا ہے۔
مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سید امین شیرازی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ جواد نقوی نے واضح کیا کہ مسلمانوں میں نفرت پھیلانے والے عناصر امریکی ایجنڈے کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے بطن سے نکلنے والی آگ نے مشرقِ وسطیٰ کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ یمن کی مزاحمت کو علاقائی یا فرقہ وارانہ تنازع قرار دینا حقائق سے چشم پوشی ہے، کیونکہ یہ جدوجہد قومی خودمختاری اور امریکی مداخلت کے خلاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور یمن کی استقامت نے عالمی طاقتوں کا غرور خاک میں ملا دیا، علامہ حسن ظفر نقوی
انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ پاکستان کو دفاعِ حرمین کے نام پر اس ناپاک امریکی سازش کا حصہ بننے سے ہر صورت گریز کرنا چاہیے اور قومی و ملی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے میڈیا، علماء اور جامعات پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں تکفیریت اور دہشت گردی کے امریکی لشکر کے خلاف فکری محاذ پر مؤثر کردار ادا کریں۔ آئی ایس او کے وفد میں مولانا ڈاکٹر سید دانش نقوی، افسر رضا خان، اور حسنین جعفر زیدی سمیت دیگر رہنما بھی شامل تھے۔







