مدرسہ فوز العظیم شگر میں آئی او بلتستان ریجن کی مجلسِ عاملہ کا دو روزہ اجلاس، 17 یونٹس کی شرکت
شیعیت نیوز : آئی او بلتستان ریجن کی مجلسِ عاملہ کا دو روزہ اجلاس مدرسہ فوز العظیم شگر میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں بلتستان ریجن کے 17 یونٹس سے تعلق رکھنے والے برادران سمیت ریجنل کابینہ کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں شگر کے نامور علمائے کرام نے خصوصی طور پر شرکت کر کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی اور اہم موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اجلاس سے آغا سید عباس الموسوی، شیخ فدا حسین عابدی، شیخ محمد حسین فیاضی اور نائب امام جمعہ نے خصوصی خطاب کیا۔ مقررین نے دینی، تنظیمی اور معاشرتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اخلاص، اتحاد اور باہمی تعاون کو مؤثر اجتماعی جدوجہد کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر ریجنل ناظم برادر اصغر علی جوادی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں داعشی تکفیری جولانی کے خلاف شدید احتجاج، بشار الاسد کی تصاویر اٹھا لی گئیں
اجلاس کے دوران مختلف فکری، تربیتی اور عالمی موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ برادر حاجی محمد رضا اور برادر حاجی مسلم حسین نے تنظیم کی اہمیت، تنظیمی ڈھانچے اور کارکنان کے کردار کے حوالے سے بات کی۔ برادر شفا علی نے صحیفۂ سجادیہ کی روشنی میں دعا کی اہمیت اور دعا کرنے کے سلیقے پر گفتگو کی، جبکہ برادر نثار ہاشمی اور برادر حاجی محمد انور نے ایران امریکہ جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کا جامع جائزہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر حسن خان اماچہ نے آرگینک فوڈ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض ریجنل سیکریٹری برادر محمد حسن اور برادر وزیر محمد رضا نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ دو روزہ اجلاس کا باقاعدہ اختتام دعائے امام زمانہ (عج) کے پرنور لمحات کے ساتھ ہوا۔ تمام شرکاء نے اس شاندار پروگرام کے کامیاب انعقاد پر شگر کے برادران کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔







