سوشل میڈیا پر جعلی اور مشکوک اکاؤنٹس سے ہوشیار رہیں، حماس
شیعیت نیوز: حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب صیہونی دشمن غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی، تباہی اور بھوک مسلط کر رہا ہے اور ساتھ ہی مسجد الاقصی، بیت المقدس اور مغربی کنارے کو نشانہ بنا رہا ہے، سوشل میڈیا پر جعلی اور مشکوک اکاؤنٹس سرگرم ہوگئے ہیں جن کا مقصد حماس اور اس کی قیادت کو بدنام کرنا اور فلسطینی عوام میں انتشار پیدا کرنا ہے۔
تنظیم نے کہا کہ وہ ان مشکوک اکاؤنٹس کی سرگرمیوں پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان میں ایک اکاؤنٹ "خالد منصور” کے نام سے پلیٹ فارم ایکس (X) پر دو سال سے سرگرم ہے، جو جھوٹی خبریں پھیلا کر حقائق کو توڑ مروڑ کے پیش کرتا ہے اور تحریک کے اتحاد کو نقصان پہنچانے اور مزاحمتی رہنماؤں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غاصب اسرائیل کا مغربی کنارے میں 2000 نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان
بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ مہینوں میں "العصفورہ” کے نام سے ایک اور مشکوک اکاؤنٹ سامنے آیا ہے، جو تحریکِ مزاحمت کے کارکنوں اور اراکین کے خلاف بے بنیاد الزامات اور جھوٹی باتیں پھیلا کر عوامی رائے کو گمراہ کرنے اور اندرونی اختلافات بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ اکاؤنٹ بھی مزاحمتی قوتوں کے درمیان نفاق پیدا کرنے کا حصہ ہے۔
حماس نے مزید بتایا کہ اسی نوعیت کے دیگر جعلی اکاؤنٹس، جیسے "یونس البحری"، "صادق عزالدین"، "نسرین رزاینه” اور "تجارة الکون"، بھی حماس کے خلاف سرگرم ہیں۔
حماس نے تمام فلسطینی عوام اور مزاحمت کے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ ان جعلی اور مشکوک اکاؤنٹس پر کسی قسم کا اعتبار نہ کریں، کیونکہ ان کا واحد مقصد اختلافات پیدا کرنا اور تحریکِ مزاحمت کو کمزور کرنا ہے۔





