غاصب صہیونی فوج کی جنگ بندی کے باوجود جنوبی غزہ پر بمباری، متعدد مکانات تباہ
شیعیت نیوز: جنگ بندی معاہدے کے باوجود غاصب صہیونی فوج نے ایک بار پھر وحشیانہ جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں بمباری کی، جس کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات زمین بوس ہوگئے اور خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق، صہیونی طیاروں نے شہر کے مشرقی حصے پر دو فضائی حملے کیے، جب کہ قابض فورسز نے غزہ کے مشرقی علاقوں میں رہائشی عمارتوں کی مسماری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ان حملوں سے نہ صرف عام شہری متاثر ہوئے بلکہ امدادی سرگرمیوں میں بھی شدید رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی نتن یاہو کے الحاقی منصوبے کی مخالفت محض دھوکہ ہے، امریکی میڈیا
ان حملوں کے بعد عالمی سطح پر اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس معاہدے کے تحت اسرائیل پر غزہ میں تمام جارحانہ کارروائیاں روکنا لازم قرار دیا گیا تھا، تاہم تل ابیب انتظامیہ نے ایک بار پھر اپنے وعدوں کو روند ڈالا۔
ادھر اسرائیلی حکام نے غزہ کے عوام کے لیے انسانی امداد کی ترسیل پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس سے محصور شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایندھن اور ادویات کی قلت بڑھ رہی ہے، جبکہ بچوں اور بزرگوں کے لیے بنیادی ضروریات کا حصول ناممکن بنتا جا رہا ہے۔







