ایران سے اٹھنے والا زہریلا دھواں پاکستان کی جانب بڑھنے لگا

10 مارچ, 2026 18:55

شیعیت نیوز : ایران کے دارالحکومت تہران کا آسمان مسلسل دوسرے روز بھی سیاہ دھوئیں سے ڈھکا ہوا ہے جہاں تیل کی تنصیبات پر لگنے والی آگ کے باعث فضا آلودہ ہو چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ زہریلا دھواں اب مغربی ہواؤں کے ذریعے پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے اٹھنے والے آلودہ ذرات بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مغربی اضلاع تک پہنچ سکتے ہیں جس سے کوئٹہ، چمن، ژوب، چاغی، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں ان زہریلے ذرات خصوصاً PM2.5 کو ہزاروں کلومیٹر تک منتقل کر سکتی ہیں۔ بلوچستان کی خشک فضا اور دھول بھری ہوائیں ان ذرات کو مزید پھیلانے کا باعث بن سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملتان میں 21 رمضان کے جلوسوں کے انتظامات مکمل، ایم ڈبلیو ایم وفد کی ایڈیشنل کمشنر سے ملاقات

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں کالی بارش کا امکان کم ہے، تاہم فضائی کوالٹی انڈیکس (AQI) میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے جس سے فضائی آلودگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ کے رہائشیوں کے لیے یہ صورتحال خاص طور پر تشویشناک قرار دی جا رہی ہے کیونکہ شہر پہلے ہی فضائی آلودگی کے مسائل سے دوچار ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بچے، بزرگ، دمہ کے مریض اور حاملہ خواتین اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ سانس کی بیماریاں، آنکھوں میں جلن اور دل کے امراض میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

8:13 شام مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top