آیت اللہ مجتبی خامنہ‌ای کی رہبری پر مکمل اعتماد، انقلاب اسلامی مزید مضبوط ہوگا، علامہ ساجد علی نقوی

09 مارچ, 2026 15:27

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مجلس خبرگان رہبری کے فیصلے پر اپنا تفصیلی پیغام جاری کرتے ہوئے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی رہبری کا خیرمقدم کیا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ رہبر شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ‌ای نے ایرانی قوم کے ساتھ امت کو متحد کرنے کا عظیم فریضہ انجام دیا اور انقلاب اسلامی ایران کے نظام کو جڑوں تک محفوظ بنایا، جو اتنا توانا ہے کہ اغیار کی مسلسل سازشوں اور حملوں کے باوجود اپنے کامیابی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امور پر دسترس رکھنے والے رہبر شہید کے فرزند اسلام کی توانا آواز ثابت ہوں گے اور اسلامی نظام کو مزید مضبوط بنا کر صہیونی و سامراجی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ میں یوم علیؑ کے جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی: 1500 پولیس اہلکار تعینات، روٹس سیل، سخت نگرانی کا بندوبست

علامہ نقوی نے کہا کہ رہبر معظم کی عظیم شہادت کے بعد دنیا بھر میں ان کے پیروکاروں سمیت امت مسلمہ ایک غم و غصہ کی لہر میں مبتلا ہوئی۔ ان کی 37 سالہ خدمات زبان زد عام و خاص ہیں، ان کی ولولہ انگیز قیادت نے سامراج، استعمار اور صہیون کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔ امام خمینیؒ کی رحلت کے بعد جس طرح شہید رہبر نے ایرانی عوام کے ساتھ عالم اسلام کی سربلندی کے لیے شب و روز محنت کی، اس کا اثر ان کی مظلومانہ شہادت پر پوری دنیا میں غم و سوگ کی صورت میں سامنے آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای جیسی بڑی شخصیت کے بعد ان کی جانشینی جیسا بڑا اقدام یقیناً ایک مشکل ترین مرحلہ تھا، خصوصاً جب مسلسل سامراج و صہیون کی جانب سے تجاوز اور حملے جاری ہوں اور سرزمین کے دفاع کا فریضہ انجام دیا جا رہا ہو۔ ایسے حالات میں مجلس خبرگان نے شہید رہبر کے فرزندِ صالح، عالمی امور پر گہری نگاہ رکھنے والے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای کا بالاتفاق انتخاب کرکے مشکل ترین مرحلے کو بہترین انداز میں حل کر دیا۔

علامہ نقوی نے کہا کہ اپنے شہید والد بزرگوار کی پرورش و تربیت یہ بڑی ذمہ داری نبھانے میں نہ صرف ممد و معاون ہوگی بلکہ خود آپ کی علمی شخصیت و دوربینی میں نظام انقلاب اسلامی ایران ایک نئے انداز کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے عالمی استکبار کی دنیائے اسلام کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہے گا۔

5:05 شام مارچ 9, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top