پنجاب یونیورسٹی میں آیت اللہ خامنہ ای کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس، ایران سے اظہارِ یکجہتی

10 مارچ, 2026 19:06

شیعیت نیوز : پنجاب یونیورسٹی میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، ریفرنس میں مختلف مذہبی، تعلیمی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ صدارت ایران کے قونصل مہران موحدفر نے کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ادارہ منہاج الحسین لاہور کے علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، ایرانی کلچر سینٹر لاہور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر امجد عباس خان مگسی اور سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر کامران عابد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ شہادت حضرت علیؑ: لاہور میں مرکزی جلوس کے لیے چار درجاتی سکیورٹی پلان تیار

ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر نے کہا کہ سپریم لیڈر کا قتل تاریخ کا ایک سنگین جرم ہے، ہر بار ایران کو مذاکرات میں الجھا کر اس پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایران کا ایٹم بم بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران میں بھی وہی ماڈل نافذ کرنا چاہتا ہے جو اس نے عراق، لیبیا اور شام میں آزمایا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل اسرائیل کا مقصد توانائی کی منڈیوں پر قبضہ اور گریٹر اسرائیل کے خواب کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے پاکستان کو بھی دھمکی دی تھی، لیکن اسے معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کوئی تر نوالہ نہیں بلکہ ایک بہادر قوم ہے۔ مہران موحدفر نے کہا کہ خلیج فارس کے عرب ممالک ہمارے ہمسائے اور برادر اسلامی ممالک ہیں اور ایران صرف دشمن کے اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ مسلم اُمہ کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ ایران جس استقامت کے ساتھ جنگ کے میدان میں کھڑا ہے وہ پوری مسلم دنیا کے لیے مثال ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایران کو فلسطین کی حمایت کرنے کی سزا دی جا رہی ہے جبکہ ایرانی عوام اپنی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ادارہ منہاج الحسینؑ لاہور کے علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کا انجام ہمیشہ شکست کی صورت میں نکلتا ہے۔ ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ ایک عظیم رہبر کی شہادت کسی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرتی بلکہ اسے مزید مضبوط بناتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر کامران عابد نے کہا کہ پاکستانی عوام، پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ ایران کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

8:25 شام مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top