غاصب اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، جنوبی لبنان پر فضائی حملے اور گولہ باری
جنوبی لبنان
شیعیت نیوز : غاصب اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701، بین الاقوامی قوانین اور لبنان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہفتے کے روز بھی جنوبی لبنان پر فضائی حملوں اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا۔ صیہونی جنگی طیاروں نے صوبہ نبطیہ میں نبطیہ الفوقا اور کفر تبنیت کے درمیانی علاقے کو نشانہ بنایا، جبکہ جنوبی لبنان کی وادی الحجیر پر بھی فضائی حملہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کو کوئی طاقت متزلزل نہیں کر سکتی، خطِ ولایت پر گامزن رہیں گے، شیخ نعیم قاسم
صیہونی توپخانے نے ہفتے کی صبح زوطر الشرقیہ کے مضافات، وادی السلوقی اور وادی الحجیر کے علاوہ حداثا اور برعشیت کے مضافات پر گولہ باری کی، جبکہ میفدون اور کفر تبنیت کے مضافات بھی شدید گولہ باری کی زد میں رہے اور قابض فورسز نے مجدل زون پر روشنی کے گولے داغے۔ اس سے قبل جمعے کے روز وادی زبقین پر گولہ باری کی گئی، جبکہ الحجیر کے علاقے وادی الخنازیر، حداثا کے مضافات اور المنصوری کو بھی صیہونی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی ڈرون مشرقی لبنان کے شہر بعلبک اور جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں پر بھی نچلی پرواز کرتے رہے۔
لبنانی وزارت صحت کے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق جمعے کے روز ضلع ہرمل میں حوش السید علی کے قریب صیہونی حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو خواتین سمیت 5 شامی اور ایک لبنانی شہری شامل ہیں۔ لبنانی وزارت صحت کے 25 ستمبر کو جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2 مارچ سے جاری صیہونی جارحیت میں اب تک 4386 افراد شہید اور 12413 زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 26 جون کو واشنگٹن میں امریکی سرپرستی میں لبنان اور غاصب اسرائیل کے درمیان ایک فریم ورک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت لبنانی سرزمین سے صیہونی افواج کا مرحلہ وار انخلا اور خالی کیے گئے علاقوں میں لبنانی فوج کی تعیناتی طے کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود غاصب اسرائیل جنوبی لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک کے کئی حصوں پر بدستور قابض ہے۔







