حزب اللہ کو کوئی طاقت متزلزل نہیں کر سکتی، خطِ ولایت پر گامزن رہیں گے، شیخ نعیم قاسم
شیخ نعیم قاسم
شیعیت نیوز : حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم نے حوزہ علمیہ کے نام ایک اہم خط ارسال کیا ہے۔ انہوں نے سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین (قدس سرہما) کی دوسری برسی کے موقع پر لبنان کا دورہ کرنے والے حوزہ علمیہ کے وفد، مدیران، علما اور طلبہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے مقاومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ اسلام ناب محمدی (ص)، خط ولایت اور امام راحل (قدس سرہ) کی رہبری کے راستے پر گامزن ہونا حزب اللہ اور حوزاتِ علمیہ کو آپس میں جوڑنے کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج بھی جہاد، مقاومت اور ایثار و فداکاری کے راستے پر ولی امر حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (دام ظلہ) کی قیادت میں ثابت قدم رہنا، عظیم شہداء کی شہادت کے بعد ہمارے اور آپ کے درمیان مشترکہ نصب العین ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا اللہ وسایا کی ‘احتساب ناصبیت’ قابل قدر، مگر غیر معمولی خوش فہمی کیوں
سید حسن نصر اللہ قدس سرہ کی شہادت کے بعد ہونے والی جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حزب اللہ نے کہا کہ ہم نے غاصب صیہونی حکومت کے سرطانی غدود اور اس کے سرپرست امریکی طاغوت کے خلاف دو سال تک ہمہ گیر اور سخت جنگ لڑی ہے۔ حزب اللہ نے میدانِ جنگ میں امام حسین علیہ السلام اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی پیروی کرتے ہوئے بے مثال استقامت کا مظاہرہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دشمنوں کے تمام ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے جمہوریہ اسلامی ایران کی مکمل فتح کی امید ظاہر کرتے ہوئے ایرانی عوام، مسلح افواج، حکومتی ذمہ داران اور تمام مجاہدین کی پامردی کو خراج تحسین پیش کیا جو مقاومت کے دفاع میں پہاڑ کی طرح ڈٹے رہے۔ شیخ نعیم قاسم نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ثابت قدمی اور صبر کے ساتھ اس راستے پر اپنا سفر جاری رکھے گی، اور دنیا کی کوئی طاقت اسے متزلزل نہیں کر سکتی۔







