ٹرمپ منصوبے پر اسحاق ڈار کا قومی اسمبلی میں بڑا انکشاف
شیعیت نیوز : قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستانی نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہماری اطلاع کے مطابق سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کیا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ جتنے بھی پاکستانی ہیں ان کو بحفاظت واپس لایا جائے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے اسرائیل سے سفارتی روابط نہیں ہیں، اس لیے ہم تیسرے ملک کے ذریعے ان کی رہائی کی کوشش کر رہے ہیں۔
غزہ میں امن معاہدے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ جب ہمیں 20 نکاتی ایجنڈا دیا گیا تو اسلامی ممالک کی طرف سے ہم نے ترمیم شدہ 20 نکاتی پلان دیا، لیکن جو 20 نکاتی ڈرافٹ فائنل ہوا اس میں تبدیلیاں کی گئیں اور یہ ڈرافٹ ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ٹرمپ منصوبے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کا بڑا احتجاج
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم نے ٹرمپ کے پہلے ٹویٹ کے جواب میں ٹویٹ کیا اور اس وقت تک ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ڈرافٹ میں تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔ فلسطین کے معاملے پر ہمارا وہی مؤقف ہے جو قائداعظم کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس میں وزیر اعظم نے پاکستان کے ایشوز کو اٹھایا اور اسرائیل کا نام لے کر اس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عرب ممالک غزہ میں خون ریزی بند کروانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات کا مقصد صرف اور صرف غزہ میں جنگ بندی تھا۔







