اسرائیل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمن
شیعیت نیوز : جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے فلسطین کے مسئلہ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ 20 نکاتی ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کو ایک غاصب ریاست قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے حکومت پاکستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری حکومت نے غزہ اور فلسطین کے معاملے میں کوئی مثبت کردار ادا نہیں کیا۔ ان کے بقول تمام مذہبی و تحریکی جماعتوں نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور اسرائیل کو سختی سے مسترد کیا، لیکن حکومت نے عالمی دباؤ کے سامنے جھکنے کی روش اختیار کی۔
یہ بھی پڑھیں : شیطان بزرگ ڈونلڈ ٹرمپ کا بیس نکاتی ایجنڈا ایک شیطانی جال ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ کوئی دجالی ریاست پاکستان میں کبھی بھی تسلیم نہیں کی جائے گی۔ ٹرمپ کا دوسرے ممالک سے زبردستی اپنی بات منوانا نہ تو سیاسی ہے اور نہ ہی کسی اخلاقی قانون کے تحت آتا ہے۔ انہوں نے اس رویے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے حق میں کھڑی ہو اور ظالم و قابض ریاست کے خلاف متحد ہو۔







