ٹرمپ منصوبہ فلسطین کا سودا ہے یا عالمی سازش؟ علامہ حسن ظفر نقوی کا سخت مؤقف

03 اکتوبر, 2025 19:36

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ٹرمپ منصوبے کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ ہمیں ٹرمپ کا نہیں بلکہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار عوام کو معاہدے سے متعلق بے وقوف نہ بنائیں۔ اگر کل کشمیری عوام کے بغیر ٹرمپ مسئلے کے حل کے لیے اپنا ایجنڈا پیش کریں گے تو کیا حکومت قبول کرے گی؟

پریس کانفرنس میں علامہ باقر عباس زیدی اور علامہ صادق جعفری بھی شریک تھے۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ منصوبہ فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کی نفی کرتا ہے اور غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف یہود و نصاریٰ کی منظم سازش ہے۔ اس منصوبے کا مقصد غزہ کو سیاسی طور پر تنہا کرنا، معاشی طور پر مفلوج کرنا اور مزاحمتی آواز کو دبانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لال مسجد کے برقعہ والے مولوی عبد العزیز داعش سے بیعت ہیں، دیوبند عالم کے حیران کن انکشافات

علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو منظرنامے سے نکالنے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔ یہ منصوبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کے سراسر خلاف ہے۔ غزہ پر جاری ناکہ بندی، معاشی پابندیاں اور عسکری حملے اسی سازش کی عملی صورت ہیں۔ فلسطینی مجاہدین کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ ٹرمپ ایجنڈے پر فلسطین کا سودا کرنے والے مسلم حکمران خائن ہیں جو عرب بادشاہوں کی پیروی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مزاحمتی جماعتیں غاصب اسرائیل کے خلاف جائز دفاع کر رہی ہیں۔ اسرائیل مسلسل مغربی کنارے اور غزہ پر حملہ آور ہے۔ امریکہ اور یورپ مشرق وسطیٰ میں امن کے خیر خواہ نہیں۔ عرب و مسلم ممالک کو ٹرمپ کی تجاویز مسترد کرنی چاہئیں۔ عالمی برادری اور اسلامی ممالک پر لازم ہے کہ اس غیر انسانی منصوبے کی مخالفت کریں۔

کانفرنس میں رہنماؤں نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی قبضے اور سینیٹر مشتاق سمیت 150 کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی قافلے پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین اور انسانیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ قافلہ جنگ کے لیے نہیں بلکہ غزہ کے بچوں اور مریضوں کے لیے امداد لے کر نکلا تھا، مگر اسرائیل نے اپنی جارحیت سے دنیا کو ایک بار پھر اپنے اصل عزائم دکھا دیے۔

رہنماؤں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ دوغلا رویہ ترک کرے، فلسطینی عوام کی حمایت کرے اور سینیٹر مشتاق سمیت دیگر مغوی کارکنوں کی فوری رہائی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

9:11 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔