اہم ترین خبریں

کنب میں جشن صادقینؑ ریلی، علامہ مقصود ڈومکی کا اتحاد بین المسلمین پر زور

امت مسلمہ کا دشمن مشترک ہے، شیعہ و سنی بھائیوں کو وحدت کے پیغام کو عام کرنا ہوگا، علما کا اجتماع سے خطاب

شیعیت نیوز : جامعہ امام علی علیہ السلام کنب کے زیر اہتمام سالانہ "جشن صادقینؑ” کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جو شہر کے مین چوک پر پہنچ کر ایک عوامی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔

ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، جامعہ امام علی علیہ السلام کنب کے پرنسپل علامہ محمد نقی حیدری، ایم ڈبلیو ایم ضلع خیرپور کے صدر علامہ صفدر علی ملاح، سید زین العابدین شاہ، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے رہنما نثار علی چانڈیو، علامہ سیف علی ڈومکی، علامہ سرفراز مہدی چانڈیو اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہفتہ وحدت اور عید میلادالنبی ﷺ امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسالک کے درمیان 90 فیصد مشترکات اور صرف 10 فیصد اختلافات ہیں، امت کو ان مشترکات کی بنیاد پر اتحاد بین المسلمین کا پیغام عام کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین طوری کی وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے اہم ملاقات

انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کا ہدف ایک ہے اور دشمن بھی مشترک ہے۔ اگر اسرائیل سنی مسلمانوں کا دشمن ہے تو وہ شیعہ مسلمانوں کا بھی دشمن ہے۔ امریکہ بطور "شیطانِ بزرگ” غاصب اسرائیل کے جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ امریکا اور اسرائیل کے مظالم سے تمام شیعہ و سنی مسلمان متاثر ہو رہے ہیں۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ اگر 57 اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیلی بربریت کا مقابلہ کریں تو اسرائیل کو فلسطین، یمن، ایران، لبنان اور قطر پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہو بلکہ اس کا ناجائز وجود ہی ختم ہوجائے۔

انہوں نے زور دیا کہ امت مسلمہ اپنی صفوں میں چھپے منافقین کو ضرور بے نقاب کرے جو ہر حساس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کے آلہ کار بن کر سازشوں میں شریک ہوتے ہیں۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر اپنے اہل سنت بھائیوں کو اتحاد کی دعوت دیتے ہیں اور اس وقت اہل تشیع و اہل سنت میں ایسے جید علماء موجود ہیں جو وحدت، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button