ایم ڈبلیو ایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین طوری کی وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے اہم ملاقات
شیعیت نیوز : ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے وفاقی وزیر برائے صحت جناب سید مصطفیٰ کمال سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ضلع کرم میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کے مسائل، نرسنگ فیکلٹی میں داخلوں میں حائل رکاوٹوں، رجسٹریشن کے عمل اور پاکستان نرسنگ کونسل کی جانب سے ضلع کرم کیمپس کے دورے سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب میں سالانہ میلاد صادقین ریلی کا شاندار انعقاد
وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے اس امر کا یقین دلایا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی ضلع کرم کیمپس اور نرسنگ فیکلٹی کی رجسٹریشن سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ ضلع کرم کے طلبہ و طالبات کو یہ سہولت مقامی سطح پر ہی میسر ہو سکے۔
ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے ضلع کرم کے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر صحت کی بھرپور دلچسپی اور مثبت یقین دہانی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔







