"طالبان بچوں سے زیادتی، قرآن کی بے حرمتی اور مساجد کی توہین کرتے تھے، ہتھیار ڈالنے والے دہشت گرد کا اعترافی بیان
خارجی عبدالصمد کا تہلکہ خیز انکشاف: "پانچ سال طالبان کے ساتھ، پانچ دن فوج کے ساتھ، مگر حقیقت فوج کے حق میں"

شیعیت نیوز : پاک فوج کے کامیاب آپریشن میں ہتھیار ڈالنے والے خارجی کا تہلکہ خیز اعترافی بیان منظر عام پر آگیا۔ گل بہادر گروپ کے دہشت گرد عبدالصمد نے فتنہ الخوارج کے بارے میں ہوش ربا انکشافات کیے ہیں۔
عبدالصمد نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ میں نے تقریباً ساڑھے چار سال افغانستان میں گزارے اور وہاں کلاشنکوف چلانے کی تربیت حاصل کی۔ اس کے بعد منظر ہیل پہنچا جہاں گل بہادر گروپ کے کمانڈر صادق سے ملا اور تین ماہ وہاں گزارے۔
اس نے مزید بتایا کہ بعدازاں زنگوٹی خرسین گیا جہاں حافظ گل بہادر گروپ کے کمانڈر اسد سے ملا اور گروپ میں شامل ہوا۔ زنگوٹی کی مینار والی مسجد میں اسد ملا فوج کو مرتد قرار دے کر آئی ڈیز، مائنز اور ڈرون بم تیار کرواتا تھا۔ مسجد میں آئی ڈیز اور مائنز بنانے کے دوران گندی ویڈیوز چلائی جاتیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں ممکنہ اسرائیل مخالف اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان
عبدالصمد نے بتایا کہ اسد ملا مسجد میں گانے چلاتا اور غلط مقاصد کے لیے اپنے پاس دو کمسن بچے رکھتا تھا۔ وہ ہمیں ہدایت دیتا کہ مائنز فوج کے خلاف استعمال کرو۔ جب میں نے ان کے کام دیکھے تو اندازہ ہوا کہ یہ کافروں سے بھی بدتر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد قرآن کی بے حرمتی، بچوں سے زیادتی اور مساجد کی توہین کرتے تھے۔ جب میں نے انہیں چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو اسی دوران فوج نے چھاپہ مارا، سب بھاگ گئے۔ بھاگنے سے پہلے اسد ملا نے ہم سب سے موبائل فون اور شناختی کارڈ لے کر موبائل فارمیٹ کر دیے مگر شناختی کارڈ اپنے ساتھ لے گیا۔
عبدالصمد نے انکشاف کیا کہ زنگوٹی کی مساجد ان کے مراکز تھے۔ دین اکبر، مرزا خان اور لاؤد خیل مساجد میں دس دس دہشت گرد موجود تھے جبکہ مینار والی مسجد میں اسد ملا کے ساتھ پندرہ افراد ہوتے تھے اور گاؤں کی تمام مساجد اسی کے زیرِ اثر تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پانچ سال طالبان کے ساتھ اور صرف پانچ دن فوج کے ساتھ گزارے، مگر میں گواہی دیتا ہوں کہ فوج درست اور طالبان غلط ہیں۔ طالبان فوج کو منافق کہتے تھے لیکن حقیقت یہ ہے کہ طالبان ہی منافق ہیں۔ وہ بچوں سے زیادتی کرتے، مساجد کا احترام نہیں کرتے اور قرآن کی بے حرمتی کرتے ہیں۔
خارجی عبدالصمد نے عوام کو پیغام دیا کہ اپنے بچوں کو ان لوگوں سے دور رکھیں اور پاک فوج کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔