شیعہ اور سنی متحد ہو کر عالمی سامراجی قوتوں کا مقابلہ کریں اور فلسطین کے مسلمانوں کی بھرپور مدد کریں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدتِ مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی آرگنائزر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ایم پی اے جعفرآباد و پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی حکومت بلوچستان عبدالمجید بادینی کے بہنوئی اور کزن کی وفات پر اظہارِ تعزیت کے سلسلے میں ایم پی اے سیکریٹریٹ اور جماعتِ اسلامی ضلعِ جعفرآباد کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم پی اے جعفرآباد کے بھائی لعل خان بادینی، یوسی چیئرمین مانجھوٹی میر مٹھا خان بادینی، جماعت اسلامی ضلع جعفر آباد کے رہنما محمد یوسف منگریو و دیگر شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر مجلس وحدتِ مسلمین بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر علامہ سہیل اکبر شیرازی، سید شبیر علی شاہ، سید حسن ظفر شمسی و دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں : عشق پیغمبر اعظمؐ کانفرنس: مغربی تہذیب کا مکروہ چہرہ بے نقاب
ملاقات کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ موجودہ دور میں امتِ مسلمہ کو اتحاد اور وحدت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے شیعہ اور سنی مسلمانانِ وطن سے اپیل کی کہ اپنے اختلافات کو پس پشت رکھ کر متحد ہو کر عالمی سامراجی قوتوں کا مقابلہ کریں اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور سیاسی و اخلاقی مدد کریں۔ انہوں نے یمن کے بہادر مسلمانوں کی جرات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے اس کو تمام مسلم حکمرانوں کے لیے نمونہ عمل قرار دیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان اتحادِ بین المسلمین کا موثر فورم ہے اور اسی پلیٹ فارم کے تحت ضلع جعفر آباد بلوچستان میں آئندہ ماہ عظیم الشان "حمایت مظلومین غزہ کانفرنس” منعقد کی جائے گی۔
صوبائی آرگنائزر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ بعض عرب حکمرانوں نے فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ خیانت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت ہونی چاہیے اور بین الاقوامی سطح پر فلسطین و مظلومین غزہ کی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
جماعتِ اسلامی ضلعِ جعفرآباد کے رہنما مٹھا خان بادینی نے کہا کہ ہم غزہ اور فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں اور دنیا کا ہر غیرت مند انسان ان مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مقامی مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ جعفرآباد کے عوام پینے کے صاف پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔ دریا میں بڑے ذخائر ہونے کے باوجود نہروں میں پانی کی فراہمی نہ ہونے کے سبب شہریوں تک میٹھا پانی بھی نہیں پہنچ رہا۔
مٹھا خان بادینی نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر عوامی نمائندگی کرنے والے مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے عبدالمجید بادینی نے خاندانی سیاست کرنے والوں کو شکست دے کر عوام کی حقیقی نمائندگی کی اور عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔







