اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

امت واحدہ ہی قرآن و سنت کا حقیقی پیغام ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی

ہفتہ وحدت پر خطاب، قرآن و سیرت رسولؐ اور امام جعفر صادقؑ کی تعلیمات کو عملی نظام کی بنیاد قرار دیا

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے ختمی مرتبت، محبوب خدا، پیغمبر اکرم اور امام ششم حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے میلاد مسعود اور ہفتہ وحدت کے موقع پر امت مسلمہ کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق یہ امت، امت واحدہ ہے۔ پیغمبر گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکت وحدت، اخوت اور بھائی چارے کا مرکز و محور ہے۔ ان کی حیاتِ طیبہ اور سیرت و کردار ہم سے تقاضا کرتے ہیں کہ جب ہمارا پختہ یقین ہے کہ ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن اور ایک کعبہ پر ایمان ہے تو فروعی اختلافات کا حل مہذب انداز میں، شائستگی کے ساتھ علمی سطح پر تلاش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسی مؤقف کی تائید ہمارے بزرگان دین، مراجع کرام اور آیات عظام نے بھی کی ہے اور واضح کیا ہے کہ تمام مکاتب اور مسالک کے مقدسات کی توہین ممنوع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطین امتِ مسلمہ کے اتحاد کی سب سے بڑی علامت ہے، شیخ نعیم قاسم

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ آل پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سے امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے جد امجد کی سیرت و کردار پر عمل پیرا ہو کر علم کے تمام شعبوں میں امت مسلمہ کی رہبری کی، جو تاریخ اسلام کا ایک روشن باب ہے۔ لہٰذا امت واحدہ کے قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرنے کے لیے تعلیمات قرآنی، سیرت رسول اکرم اور سیرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ ہم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ، مشترکات پر عمل درآمد، باہمی اتحاد و وحدت کی ضرورت اور اسلامی دنیا کے اندر استعماری سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر عادلانہ نظام کی تشکیل و نفاذ کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button