ایرانی وزیرِ خارجہ: امریکا پر بھروسہ آسان نہیں، دھوکہ دہی کی تاریخ موجود ہے
شیعیت نیوز : ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم نئے سفارتی عمل میں جانے کے امکان کو رد نہیں کرتے، لیکن امریکہ کی جانب سے دھوکہ دہی کی ایک تاریخ ہے، جس کی وجہ سے ہمارے لیے اُس پر بھروسہ کرنا آسان نہیں ہے۔
انہوں نے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پچھلے دورِ حکومت کے دوران 2015ء میں جامع مذاکرات سے دستبرداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اس وقت بھی غیر قانونی اور بالکل یک طرفہ اقدام کیا تھا۔ امریکی صدر نے نہ صرف ایران کو دھوکا دیا بلکہ اپنی ہی قوم کو بھی دھوکا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : یمن میں میلاد النبیؐ کا عظیم اجتماع، سید عبد الملک الحوثی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی
ایرانی وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ ٹرمپ حکومت حالیہ جنگ کے دوران اسرائیل کو ایران کے خلاف غیر معمولی سیاسی، فوجی اور انٹیلی جنس مدد فراہم کر چکی ہے، حالانکہ جنگ اسرائیل نے خود مسلط کی تھی۔ بعد ازاں امریکا نے ہماری ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے جنگ میں براہِ راست شمولیت بھی اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سفارتکار چین اور روس سے رابطے میں ہیں تاکہ مغربی ممالک کی جانب سے اسنیپ بیک پابندیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔







