اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطینیمن

یمن میں میلاد النبیؐ کا عظیم اجتماع، سید عبد الملک الحوثی کا فلسطین سے اظہار یکجہتی

صنعاء کے میدان السبعین میں لاکھوں فرزندانِ یمن کا اجتماع، اسرائیل و امریکا کی مذمت

شیعیت نیوز : یوم میلادِ رسول اکرم (ص) کے موقع پر صنعاء کے میدان السبعین میں لاکھوں فرزندانِ یمن کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید عبد الملک الحوثی نے کہا کہ یمن میں میلاد النبی (ص) کا اجتماع دنیا بھر میں منفرد ہے، جو ایمان، حکمت اور استقلالِ یمنی قوم کی واضح نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے عوام اس دن کو شکر گزاری اور خوشی کے ساتھ مناتے ہیں اور اسے اپنی دینی و فکری شناخت کے جشن کے طور پر دیکھتے ہیں۔

سید عبد الملک الحوثی نے یمنی عوام کی مزاحمتی تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم ہمیشہ اسلام کا پرچم سربلند رکھتی ہے اور مظلوم مسلمانوں کی پشت پناہ ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی غزہ پر جارحیت اور امریکا کی کھلی حمایت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام محاصرے اور بھوک کے کربناک حالات سے دوچار ہیں، حتیٰ کہ معصوم بچوں کے لیے دودھ تک روک دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

انہوں نے خبردار کیا کہ بعض مسلم حکمرانوں کی بےحسی اور دشمن کے ساتھ سازباز امتِ اسلام کو اخلاقی اور دینی زوال کی طرف ڈھکیل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام ایک ناقابلِ شکست دین ہے اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اسلام کو مٹانے کے لیے تمام مادی و عسکری قوتیں ناکام رہی ہیں۔

الحوثی نے کہا کہ امتِ مسلمہ نے ماضی میں جن سیاسی اور دنیاوی راستوں کا سہارا لیا، وہ سب ناکام ہوچکے ہیں، اور اب صرف قرآن اور سنتِ رسول (ص) ہی نجات کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے فلسطین کی عوامی جدوجہد کی مکمل حمایت پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ صہیونی جرائم، خصوصاً بچوں کے قتل اور انہیں بھوکا رکھنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button