ایرانی صدر کا دو ٹوک مؤقف، ایران جنگ کا خواہاں نہیں مگر ہر تجاوز کا ڈٹ کر جواب دے گا
شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کسی جنگ کا خواہاں نہیں، لیکن اگر کوئی طاقت تجاوز کی کوشش کرے تو ملک پوری قوت کے ساتھ اس کا مقابلہ کرے گا۔
صدر نے واضح کیا کہ اصل تشویش بیرونی دھمکیاں نہیں بلکہ اندرونی اختلافات اور شگاف ہیں، جن سے دشمن زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کا وزیراعظم پاکستان سے اظہار ہمدردی، سیلاب متاثرین کے لیے تعاون کی پیشکش
پزشکیان نے اسنیپ بیک کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بالکل نہیں چاہتے کہ اسنیپ بیک فعال ہو، لیکن سوال یہ ہے کہ وہ یورپی ممالک جو خود بارہا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر چکے ہیں، آج ہم پر کس منہ سے الزام لگاتے ہیں؟
صدر نے زور دے کر کہا کہ صرف فوجی طاقت کافی نہیں، اصل قوت عوام اور ان کا اتحاد ہے۔ اگر ہمارے پاس میزائل نہ ہوں لیکن معاشرے میں انصاف، صداقت اور انسانیت قائم ہو تو کوئی بھی ہماری سرزمین پر بری نظر نہیں ڈال سکتا۔ لیکن اگر عوام کا اعتماد اور ساتھ نہ ہو تو فوجی طاقت بھی بے معنی ہے۔







