ایرانی صدر کا وزیراعظم پاکستان سے اظہار ہمدردی، سیلاب متاثرین کے لیے تعاون کی پیشکش
شیعیت نیوز: صدر ایران مسعود پزشکیان نے وزیراعظم پاکستان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حالیہ سیلابی صورتحال پر گہرے رنج و غم اور جانی و مالی نقصانات پر حکومت پاکستان اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پزشکیان نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستانی قیادت اور عوام کی شاندار میزبانی اور تعمیری مذاکرات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں صہیونی فوج پر شدید حملے، بھاری نقصان
صدرِ ایران نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کسی بھی قسم کی امدادرسانی، تعاون اور انسان دوستانہ خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت آمادہ ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشکل اوقات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا نہ صرف اسلامی اخوت کا تقاضا ہے بلکہ دونوں ملکوں کے گہرے رشتوں اور باہمی اعتماد کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
پاکستانی وزیراعظم نے اس موقع پر صدر ایران کا شکریہ ادا کیا اور ایران کی جانب سے تعاون و ہمدردی کے پیغام کو پاکستانی عوام کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔







