لینڈ ریفارمز عوام کے لیے گلے کا طوق، حکومت زمینیں ہتھیانے کی سازش کر رہی ہے: آغا علی رضوی

25 اگست, 2025 13:09

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی صدر آغا سید علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لینڈ ریفارمز کے بانی امجد ایڈووکیٹ نے کہا تھا کہ اس قانون پر عملدرآمد سکردو حلقہ نمبر 2 سے شروع کیا جائے گا، اور آج واقعی میں اس متنازعہ قانون کا آغاز اسی حلقے سے دفعہ 144 کے نفاذ، سنگین مقدمات اور ملازمین کی معطلی کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت عوام کو آپس میں لڑا کر اور ان میں اختلافات پیدا کر کے زمینیں ہتھیائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ذہنی اذیتیں دی جا رہی ہیں، انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ دفعہ 144 نافذ کر کے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ہم پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ لینڈ ریفارمز عوام کے لیے گلے کا طوق بنے گا لیکن سہولت کاروں نے اس پر مذاق اڑایا۔ آج عوام خود دیکھ رہے ہیں کہ اس قانون کے "فائدے” کس طرح ان کی زمینوں کو ہڑپ کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان کربناک صورت حال سے دوچار ہے، حکمران طبقہ عوام پر عذاب کی طرح مسلط ہے: علامہ احمد اقبال رضوی

ان کا کہنا تھا کہ گمبہ سکردو میں محکمہ مال کے ملازمین کو زمینیں ہتھیانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، حکومت عوام کو آپس میں لڑا کر زمینوں پر قبضے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے۔ نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں الجھایا جا رہا ہے اور احتجاج روکنے کے لیے دفعہ 144 کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ آغا علی رضوی نے حکومتی اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں اور زمینوں کی حفاظت مل کر کریں۔

انہوں نے کہا کہ میری صحت بہتر ہوتے ہی میں عوام کے درمیان موجود ہوں گا، عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں اور میری صحتیابی کے لیے دعا کریں۔ آغا سید علی رضوی نے علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور اس جبر کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ ریفارمز ایکٹ دراصل عوام کے نہیں بلکہ سرکار کے مفاد میں بنایا گیا کالا قانون ہے اور اس کے بانیان علاقے کے عوام کے مشترکہ دشمن ہیں۔

11:06 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔