شہداء کی یاد منانا ان کے مشن کو زندہ رکھنے کا عہد ہے، علامہ ذوالفقار علی سعیدی
شیعیت نیوز : مجلس علمائے مکتب اہل بیت بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی نے کہا ہے کہ شہداء کی یاد منانا درحقیقت ان کے مشن، فکر اور نظریات کو زندہ رکھنے کا عہد ہے۔ وہ مزار شہداء چھلگری، بھاگ میں شہدائے چھلگری کی گیارہویں برسی کے موقع پر منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کر رہے تھے۔
علامہ ذوالفقار علی سعیدی نے کہا کہ شہداء نے قربانی اور استقامت کی بے مثال مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو شہداء کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے اور ان کے پیغام کو عملی زندگی میں اپنانا ہی انہیں حقیقی خراج عقیدت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات عدل، بھائی چارے اور مظلوموں کی حمایت کا پیغام دیتی ہیں۔ علمائے کرام کو چاہیے کہ معاشرے میں اتحاد اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں : شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، علامہ مقصود علی ڈومکی
مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملت کے لیے مشعل راہ ہیں، دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور یمن کے مظلوم عوام کی حمایت کی جانی چاہیے۔ علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ عزاداری ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔
مجلس عزا سے علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ علی نواز عرفانی، علامہ سیف علی ڈومکی اور مولانا محمد یونس جمالی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اتحاد بین المسلمین، مذہبی رواداری اور فرقہ واریت کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔







