گلگت بلتستان کربناک صورت حال سے دوچار ہے، حکمران طبقہ عوام پر عذاب کی طرح مسلط ہے: علامہ احمد اقبال رضوی
شیعیت نیوز : وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان اس وقت کربناک صورتِ حال سے دوچار ہے۔ ایک جانب سوسٹ بارڈر پر تاجر برادری اپنے جائز اور آئینی مطالبات کے حق میں پُرامن دھرنا دیے ہوئے ہے لیکن ان پر ریاستی جبر، پولیس گردی اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف وکلاء، اساتذہ، پولیس اہلکار اور دیگر ملازمین اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے حکمران اس خطۂ بے آئین گلگت بلتستان کے عوام پر کسی عذاب کی طرح مسلط ہیں۔
علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ادھر سیلاب نے جنت نظیر وادیوں کو برباد کر کے رکھ دیا ہے، بستیاں اجڑ رہی ہیں اور لوگ بے گھر ہو رہے ہیں، لیکن نہ مقامی حکومت اور نہ ہی وفاقی حکمران طبقہ کوئی ذمہ داری لینے کو تیار ہے۔ حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی نے عوام کے دلوں میں نفرت اور مایوسی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی و اسلامی وحدت دشمن کے خلاف مضبوط سپر ہے، ایرانی صدر
انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں لاقانونیت، کرپشن اور بدترین مس گورننس کا راج ہے۔ عوام اپنے آپ کو تنہا، محروم اور لاوارث محسوس کر رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو خدانخواستہ گلگت بلتستان میں عوامی غصہ ایک بڑے طوفان کی صورت اختیار کر سکتا ہے جس کی ذمہ داری صرف اور صرف حکمران طبقے پر عائد ہوگی۔







