ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفان کی تباہ کاریاں، 8 جاں بحق اور 47 زخمی
شیعیت نیوز : ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید طوفان نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں اب تک 8 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہوگئے۔ تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کے باعث متعدد دیواریں اور چھتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ طوفان کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالناصر خان نے ضلع میں طوفان سے ہونے والے نقصانات اور جانی نقصان کے سرکاری اعداد و شمار جاری کیے۔
تازہ رپورٹ کے مطابق طوفان کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے 5 تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان اور 3 تحصیل پہاڑپور سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ 47 زخمیوں میں سے 41 کا علاج ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور 6 کا میاں محمد ٹیچنگ اسپتال میں جاری ہے۔
زخمیوں میں 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ 18 زخمیوں کو مشاہدے کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثات میں معمولی زخمی ہونے والے 26 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا۔ اب تک تحصیل کلاچی، درازندہ، پاروہ اور درابن سے کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی وزیر خارجہ کا انتباہ: معاہدہ ابراہیم امت مسلمہ کے لیے سنگین تباہی کا پیش خیمہ ہے
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالناصر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ اور اسسٹنٹ کمشنر سید ارسلان نے رات گئے اسپتالوں کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشنز کی نگرانی کے ساتھ ساتھ زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے متاثرین کے لیے فوری طبی امداد اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کو مزید تیز کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں۔
طوفان کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے، جس سے ٹریفک متاثر ہوئی جبکہ گھروں اور عمارتوں پر نصب سولر پینلز بھی ٹوٹ کر گر گئے۔ شدید ہواؤں کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے ضلع تاریکی میں ڈوب گیا۔







