آئی ایس او نے زائرین مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا
شیعیت نیوز:امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے کراچی سے ریمدان بارڈر تک زائرین کے مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
یہ مارچ وفاقی حکومت کی جانب سے زمینی راستوں سے اربعین زائرین کی آمدورفت پر عائد پابندی کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس او پاکستان کے مرکزی ترجمان اسد رضا نے کہا کہ امامیہ نوجوان عزاداری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ "زائرین کا حق ہے کہ وہ اپنی زیارت کے لیے آزادانہ طور پر سفر کر سکیں، اور اس حق کو کوئی نہیں چھین سکتا۔”
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ سے زائرین کی تفتان روانگی کا اعلان
اسد رضا نے مزید کہا کہ امامیہ اسکاوٹس زائرین کی خدمت کے لیے مارچ میں شریک ہوں گے اور ان کے تحفظ اور سہولت کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ اس مارچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ حکومت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ زائرین کے مذہبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئیے: علامہ راجہ ناصر کراچی پہنچ گئے!قافلوں کی آمد ریمدان بارڈ کی طرف زائرین مارچ کل ہوگا
یہ مارچ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں کل کراچی سے شروع ہوگا۔ اور ملک بھر سے زائرین کے قافلے اس میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ رہے ہیں۔
آئی ایس اوپاکستان نے تمام امامیہ نوجوانوں سے اس تاریخی مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔







