ایام فاطمیہ کو کردار سازی کا ذریعہ بنایا جائے، مولانا سید امجد نقوی
شیعیت نیوز : حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید امجد نقوی نے کہا ہے کہ ایام فاطمیہ کو محض تاریخی واقعات کے بیان اور اظہار غم تک محدود رکھنے کے بجائے تزکیۂ نفس، اصلاح اخلاق اور کردار سازی کا ذریعہ بنایا جائے۔
مرکزی جامع مسجد غازی امام بادشاہ جنڈ، ضلع اٹک میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مظلوموں کا سہارا، کمزوروں کا حامی اور ظالموں کو مغلوب کرنے والا ہے، اور اس کی تدبیر کے مقابلے میں کسی ظالم کی تدبیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ زندگی عبادت، ایثار، سادگی، سخاوت، صبر اور اخلاص کا بہترین نمونہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی طاقتوں کے بجائے اللہ پر توکل کیا جائے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
مولانا سید امجد نقوی نے کہا کہ ایام فاطمیہ کا حقیقی پیغام یہ ہے کہ ہم حسد کی جگہ خیرخواہی، تکبر کی جگہ عاجزی، حرص کی جگہ قناعت، بخل کی جگہ سخاوت اور ریاکاری کی جگہ اخلاص کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجالس فاطمیہ میں شرکت کے بعد ہمارے اخلاق و کردار میں تبدیلی نہیں آتی اور ہماری زندگی میں سیرت فاطمی کی جھلک دکھائی نہیں دیتی تو ہمیں اپنے مقصد عزاداری کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے۔ عزاداری حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا صرف آنسو بہانے کا نام نہیں بلکہ دلوں کی اصلاح اور عملی کردار کی تعمیر کا تقاضا کرتی ہے۔







