سیدہ زہرا تنہا ہونے کے باوجود حق پر ڈٹی رہیں، مولانا محمد زکاء الحسن

14 نومبر, 2026 14:50

شیعیت نیوز : حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن نے کہا ہے کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا تنہا ہونے کے باوجود حق کے دفاع میں ایک لشکر کی مانند ثابت قدم رہیں، اور آپ کی سیرت ہر دور کے اہل ایمان کے لیے حق گوئی، دینی غیرت اور دفاع ولایت کا عملی نمونہ ہے۔

انہوں نے یہ بات 13 نومبر کو مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں، علی پور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہی۔ پہلے خطبے میں انہوں نے نہج البلاغہ کے خطبہ نمبر 173 کی شرح کرتے ہوئے بصیرت، صبر اور حق شناسی کو دینی و اجتماعی زندگی کی بنیادی صفات قرار دیا اور کہا کہ حق کے راستے پر ثابت قدمی کے لیے محض جذبات کافی نہیں بلکہ علم، معرفت اور استقامت بھی ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انسان کے کردار اور اعمال میں اس کے آثار نمایاں ہونے چاہئیں: مولانا محمد زکاء الحسن

دوسرے خطبے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے حدیث ثقلین کی شرح کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت کی رہنمائی کے لیے قرآن مجید اور اپنی عترت اہل بیت علیہم السلام کو دو گراں قدر امانتوں کے طور پر چھوڑا، اور ان سے تمسک ہی ہدایت و نجات کا بنیادی ذریعہ ہے۔

انہوں نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے شہادت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا ذکر کیا اور زور دیا کہ امت مسلمہ قرآن و عترت سے مضبوط تعلق قائم رکھتے ہوئے سیرت حضرت فاطمہ زہرا اور امیرالمومنین حضرت علی علیہما السلام کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرے، کیونکہ بصیرت، علم، صبر اور حق پر استقامت ہی سے معاشرے میں حقیقی اسلامی اقدار فروغ پاتی ہیں۔

3:06 شام نومبر 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔