اسرائیل جنرل کی نیتن یاہو پر شدید تنقید: اسرائیل کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں
نیتن یاہو کی قیادت روم جلانے والے نیرو سے بدتر، صرف ذاتی مفادات کے لیے جنگ جاری: اسرائیلی جنرل

شیعیت نیوز : صیہونی ریٹائرڈ جنرل آئزک برک نے عبرانی روزنامہ ہاریٹز کو لکھے گئے ایک مضمون میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کو ذاتی انتقام کی خواہش کے تحت "اندرونی خودکشی” کی طرف لے جا رہے ہیں۔
برک نے نیتن یاہو کا موازنہ رومی شہنشاہ نیرو سے کیا ہے، جس نے جان بوجھ کر روم کو آگ لگائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس کی جانب سے اسرائیل پر پابندیوں کا عندیہ دے دیا گیا
وہ لکھتے ہیں کہ نیتن یاہو نے اقتدار میں رہنے کے لیے 7 اکتوبر کی شکست کی شرمندگی مول لی۔
برک نے مزید کہا کہ نیتن یاہو جنگ کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ صرف اور صرف ذاتی مفادات کے لیے جنگ کو جاری رکھے ہوئے ہیں، اور یہ جنگ اسرائیل کے تزویراتی یا سیکورٹی اہداف کے لیے نہیں ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ نیتن یاہو نے گزشتہ برسوں کے دوران زمینی افواج کو کمزور کیا ہے اور اب فوج کو ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی آگ میں دھکیل رہے ہیں۔
صیہونی جنرل نے لکھا کہ نیتن یاہو عدالتی احتساب سے بچنے اور اپنی ذاتی حیثیت کو بچانے کے لیے عوامی اداروں پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس جنگ کو جاری رکھنے کا مطلب صیہونی حکومت کی مکمل تباہی اور دنیا کے نقشے سے اس کا مٹ جانا ہے۔