بیلجیئم سے 4500 کلومیٹر کا ایمان افروز سائیکل سفر، نوجوان سعودی عرب حج کے لیے پہنچ گیا
انس الرزقی کا روزوں میں طویل سفر، عربی قہوے سے استقبال، ایمان، صبر اور جذبے کی داستان

شیعیت نیوز : حج کی ادائیگی کے جذبے نے پہاڑ جیسے فاصلے مٹا دیے، بیلجیئم سے نوجوان طویل اور ہزاروں کلو میٹر پر محیط سفر طے کرکے سائیکل پر سعودی عرب پہنچا۔
رمضان کے بابرکت مہینے میں جب لوگ عبادات میں مصروف تھے تب بیلجیئم کے 26 سالہ نوجوان انس الرزقی نے ایک منفرد اور عظیم سفر کا آغاز کیا۔
سائیکل پر مکہ مکرمہ تک کا 4500 کلومیٹر طویل سفر انہوں نے حج کی ادائیگی کے لیے طے کیا۔ انس نے آسٹریا، اٹلی، بوسنیا اور دیگر ممالک سے ہوتے ہوئے سعودی عرب کا سفر مکمل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ سفر رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں شروع کیا اور روزانہ تقریباً 100 کلو میٹر سائیکل چلائی۔
انس نے کہا:
"یہ ایک خواب ہے، ایک نعمت ہے۔ سفر کے دوران میں نے مساجد میں رات بسر کی۔ یہ سفر آسان نہیں تھا، لیکن ایمان، جذبے اور صبر کے ساتھ ہر مشکل کو عبور کرتا گیا۔”
یہ بھی پڑھیں : قطری وزیر خارجہ کا غزہ کی جنگ پر اظہار تشویش، انسانی بحران کی شدت پر خبردار
جب انس سعودی عرب پہنچے تو حلّت عمار بارڈر پر ان کا پھولوں اور عربی قہوے سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وہ حج پرمٹ کا بیج پہن کر بارڈر سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ دستاویزات مکمل کرتے نظر آئے۔
اس سے قبل اسپین سے گھوڑوں پر سوار 3 عازمین حج 8 ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کرکے سعودی عرب پہنچے تھے۔ ان تینوں ہسپانوی مسلمانوں عبدالقادر، عبداللہ اور طارق نے اسلام قبول کرنے کے 35 سال بعد اپنی دیرینہ خواہش پوری کی۔ ان کا یہ سفر تقریباً 8 ماہ قبل شروع ہوا تھا۔