اصل مسئلہ یورپی ممالک ہیں، ایران اپنی ذمہ داری ادا کرچکا ہے، یرانی وزیر خارجہ
ایران کا یورپی یونین کو انتباہ، بحران روکنے کے لیے فوری عملی اقدامات ضروری ہیں: عباس عراقچی

شیعیت نیوز : ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یورپی یونین کو ایک معقول اور قابلِ عمل تجویز پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بحران کو روکنے کا وقت تیزی سے ختم ہورہا ہے اور اب عالمی برادری کو عملی قدم اٹھانا ہوگا۔
عراقچی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران نے ایک ایسا متوازن منصوبہ پیش کیا ہے جو فریقین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے اور فوری طور پر نافذ بھی کیا جاسکتا ہے، مگر اس کے بجائے یورپی ممالک بہانے تراش رہے ہیں اور غیرضروری تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سعودی عرب اتحاد پر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا اظہار خیال
ان کے مطابق فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے بھی اس تجویز کو معقول قرار دیا ہے، تاہم یورپی ممالک سنجیدہ مکالمے کے بجائے ایران کے خلاف شکوک و شبہات پھیلا رہے ہیں۔
عراقچی نے کہا کہ وہ مکمل طور پر ایرانی حکومت اور اعلیٰ سلامتی اداروں کی حمایت کے ساتھ یہ تجویز پیش کرچکے ہیں۔ انہوں نے یورپی یونین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ ایران نہیں بلکہ یورپی ممالک ہیں جو عملی اقدامات کے بجائے تماشا دیکھ رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اپنی ذمہ داری ادا کرچکا ہے۔ ہم نے پہلے قدم کے طور پر عالمی ایٹمی ایجنسی کے ساتھ نئے تعاون کا آغاز کیا اور اس کے بعد ایک معقول اور منصفانہ تجویز پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل مداخلت کرے اور کشیدگی کے بجائے سفارتکاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔