پاکستان سعودی عرب اتحاد پر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا اظہار خیال
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بھارت کیخلاف مملکتِ خداداد پاکستان کو زبردست فتح عطا فرمائی اور اسی طرح ایران کی اسرائیل کیخلاف شاندار مزاحمتی فتح مسلمانوں کی عظمت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے۔ پاکستان کی افواج، عوام اور حکومت کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، ہم باقاعدہ طور پر حرمین شریفین کے محافظ بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا یہ صدی مسلمانوں کی صدی ہے، پاکستان کی عزت و وقار میں شاندار اضافہ ہوا ہے۔ بس ابھی پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات کی طرف دھیان دینا ہوگا، ہر بندے کا حق ہے کہ تعلیم اور دو وقت کی روٹی اسے ملے۔
یہ بھی پڑھیں : قطر پر صہیونی جارحیت کے باوجود اسرائیل سے تعلقات کیوں برقرار ہیں؟ ناصر عباس شیرازی
حافظ ریاض نجفی کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے بارے میں ان کے خیالات اچھے ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گزارش ہے کہ وہ اندرونی اخراجات کم کرنے اور غریب عوام کی معاشی مشکلات کی طرف بھی توجہ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جتنے بھی انبیاء کرام بھیجے وہ اپنے اپنے محدود علاقے اور زمانے تک تھے، واحد ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، جو پوری دنیا کے لیے نبی بنا کر بھیجے گئے ہیں۔ بعثت سے لے کر قیامت تک آنے والے سب انسانوں کے وہ نبی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ میں نے آپ (ص) کو عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ فتح مکہ کے موقع پر آپ نے دشمنوں کو بھی معاف کیا، سیرت پیغمبر یہی ہے کہ دشمن سے بھی رواداری سے پیش آیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ محبانِ اہلبیت پر لازم ہے کہ وہ اپنا اخلاق بہتر کریں۔ گالیاں اور لعنتیں چھوڑ کر اس پر توجہ دیں کہ لوگ سمجھیں کہ آپ واقعی اہلبیتؑ کے ماننے والے ہیں۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ رسول خدا کے دشمن بھی ان کی تعریف کرتے اور آپ کو تاریخ ساز شخصیت کے طور پر مانتے ہیں۔ 700 سال تک مسلمانوں نے تعلیمات پیغمبر پر عمل کیا تو دنیا بھر میں حکمرانی کی، اس کے بعد آہستہ آہستہ زوال پذیر ہونے لگے۔







