افغان طالبان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب
ذاکر جلالی کا کہنا ہے کہ امریکہ فوجی موجودگی کے بغیر بھی افغانستان کے ساتھ تعلقات رکھ سکتا ہے

شیعیت نیوز : افغان طالبان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا، جس میں انہوں نے افغانستان کے بگرام فوجی اڈے کو واپس لینے کی بات کی تھی۔
طالبان کے سیاسی شعبے کے سربراہ ذاکر جلالی نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں فوجی موجودگی کے بغیر بھی دوطرفہ تعلقات رکھ سکتا ہے۔
جلالی نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان اور امریکہ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اقتصادی اور سیاسی تعلقات قائم کرسکتے ہیں، مگر افغانستان میں امریکی فوجی موجودگی کبھی بھی افغان عوام کے لیے قابلِ قبول نہیں رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوحہ مذاکرات کے دوران بھی امریکی فوجی موجودگی کے امکان کو مسترد کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اصل مسئلہ یورپی ممالک ہیں، ایران اپنی ذمہ داری ادا کرچکا ہے، یرانی وزیر خارجہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران کہا کہ بگرام دنیا کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے اور امریکہ نے اسے طالبان کو مفت دیا تھا، تاہم اب وہ اسے واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس اڈے کا حاصل کرنا چین کی نیوکلئیر سائٹس کے قریب ہونے کے سبب بھی ضروری ہے۔ انہوں نے جو بائیڈن کی افغانستان سے 2021 میں غیر متنازعہ امریکی انخلا پر تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ اس انخلا کے بعد طالبان کے پاس امریکی ہتھیار اور اڈے چلے گئے۔