عرب لیگ اجلاس کا اعلامیہ کھوکھلے الفاظ ہیں، جہاد اسلامی کا سخت ردعمل
عملی اقدامات کے بغیر مذمتی بیانات بے اثر ہیں، بعض عرب حکومتیں اسرائیل کی اتحادی بن چکی ہیں

شیعیت نیوز : فلسطینی مقاومتی تنظیم جہاد اسلامی نے بغداد میں ہونے والے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے اختتامی اعلامیے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
تنظیم نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جب تک عرب ممالک عملی طور پر غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنے، سرحد پر رکی ہوئی انسانی امداد کو داخل کرنے اور قحط کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے، تب تک تمام بیانات اور مطالبات محض کھوکھلے الفاظ شمار ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی صدر کا عرب ممالک سے عملی اقدام کا مطالبہ
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ بیانات نہ صرف بے اثر ہیں بلکہ بعض عرب حکومتوں کی ناتوانی اور بعض دیگر کی صہیونی دشمن کے ساتھ ملی بھگت کا ثبوت بھی ہیں۔
واضح رہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں عرب سربراہی اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کی مذمت کی گئی تھی۔ تاہم، جہاد اسلامی کے مطابق صرف مذمت کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی فوری ضرورت ہے تاکہ فلسطینی عوام کو درپیش انسانی بحران کا خاتمہ کیا جا سکے۔