پاک بھارت کشیدگی، پاک فوج کا فتح میزائل کا کامیاب تجربہ
شیعیت نیوز : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے جاری جنگی مشق انڈس کے دوران زمین سے زمین پر مار کرنے والے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل 120 کلومیٹر تک ہدف کو میابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میزائل تجربے کا مقصد فوجیوں کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم اور بہتر درستی سمیت اہم تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کرنا تھا۔
اس تربیتی تقریب میں پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ پاکستان کی اسٹریٹجک تنظیموں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے شرکت کرنے والے جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے
فوجی قیادت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
پاکستان نے 2 روز قبل زمین سے زمین پر مار کرنے والے 450 کلومیٹر رینج کے حامل ابدالی میزائل کا افتتاح کیا تھا۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بھی بند کردی گئی۔







