بلوچستان میں ٹرین کے سینکڑوں مسافروں کو اغواء کیا جا رہا ہے۔ جبکہ سندھ میں ڈاکو راج ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان بہار قرآن، عبادت، بندگی، روزے اور اعتکاف کا مہینہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اس مبارک مہینے میں زیادہ وقت قرآن کریم کی تلاوت اور قرآن فہمی پر خرچ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں علمائے کرام اور عوام سے "ماہ مبارک رمضان میں ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دھمکی کی زبان ہمارے لئے کسی بھی صورت قابل قبول نہيں ہے، ایرانی صدر
علامہ ڈومکی نے کہا کہ ہر مسجد میں روزانہ کی بنیاد پر اجتماعی تلاوت قرآن کریم اور درس قرآن کا اہتمام لازمی ہے۔ انہوں نے علمائے کرام کو نصیحت کی کہ خطبات جمعہ میں عوام کو تقویٰ اور پرہیزگاری کی تلقین کے ساتھ ساتھ تعمیر کردار کی بھی تلقین کریں۔ انہوں نے کہا کہ نماز جمعہ کا دوسرا خطبہ حالات حاضرہ پر مشتمل ہونا چاہیے، جس میں عوام کو امت مسلمہ کے مسائل و مشکلات اور اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے شیطانی منصوبوں سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے بلوچستان اور سندھ کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بلوچستان میں ٹرین کے سینکڑوں مسافروں کو اغوا کیا جا رہا ہے، جبکہ سندھ میں ڈاکو راج ہے، جو حکومت کے کنٹرول میں نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈٹ کی حامل حکومت مکمل طور پر ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔
علامہ ڈومکی نے سندھ کے عوام کے احتجاج کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دریائے سندھ سے غیر قانونی کینالز نکالے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھ کو اعتماد میں لیے بغیر یکطرفہ طور پر سندھ کے پانی پر ڈاکہ قبول نہیں ہے۔







