یاسمین لاری نے اسرائیلی ایوارڈ اور ایک لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ٹھکرا دی

12 مارچ, 2025 20:40

شیعیت نیوز: پاکستانی میڈیا کے مطابق، پاکستانی آرکیٹیکٹ یاسمین لاری نے اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج اور فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل کی وولف فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جانے والا ایوارڈ اور ایک لاکھ ڈالر کی انعامی رقم لینے سے انکار کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین لاری کا کہنا تھا کہ "انہیں اس ایوارڈ کے بارے میں معلوم نہیں تھا اور نہ ہی انہوں نے کبھی اس ایوارڈ کے لیے اپلائی کیا تھا۔ چند روز قبل وولف فاؤنڈیشن نے ای میل کے ذریعے ایوارڈ اور ایک لاکھ ڈالر کی انعامی رقم کا بتایا، جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔” یاسمین لاری نے ایک خط کے ذریعے اسرائیلی این جی او وولف فاؤنڈیشن کو آگاہ بھی کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت میں اضافہ جاری ہے، رہبر معظم

انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ "غزہ میں جاری نسل کشی کے سبب وہ یہ ایوارڈ اور انعامی رقم قبول نہیں کریں گی۔ میرے لیے ہر طرح کا تشدد ناقابل قبول ہے، جبکہ اس وقت بے گھر افراد کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔” یاسمین لاری کا کہنا تھا کہ "ہم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم پر خاموش ہیں، لیکن جتنا کرنے کی سکت ہے، اتنا ضرور کریں گے۔”

یاد رہے کہ یاسمین لاری 1964 سے پاکستان میں آرکیٹیکچر کے شعبے میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے پاکستان میں حکومتی، تجارتی اور معاشی اداروں کے لیے کئی عمارتیں ڈیزائن کی ہیں۔ اس وقت وہ کم قیمت، زیرو کاربن اور زیرو ویسٹ ماحول دوست تعمیرات کے لیے کام کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یاسمین لاری سنہ 2023 میں برطانیہ کے رائل انسٹیٹیوٹ آف برٹش آرکیٹیکٹس (RIBA) کی جانب سے ماحول دوست تعمیرات کے اعتراف میں رائل گولڈ میڈل حاصل کر چکی ہیں۔ اب انہوں نے فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ کے باشندوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل کی وولف فاؤنڈیشن کا ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کے اس اقدام کو عالمی سطح پر بہت سراہا جا رہا ہے، خاص کر انسانی حقوق کے لیے سرگرم عالمی تنظیمیں اس اقدام کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہیں۔

11:44 صبح مارچ 9, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top