پارہ چنار میں انسانی بحران پر MWM کا اعلانِ جنگ: ٹاسک فورس تشکیل، میئر کی گرفتاری کو چیلنج
شیعیت نیوز: پارہ چنار کی راستوں کی بندش نے بدترین انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔ خوراک، دوا، اور ایندھن کی نایابی کے باعث لاکھوں افراد ماہِ رمضان میں بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں، جب کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ اس صورتحال کے مقابلے میں مجلس وحدت مسلمین (MWM) نے پارہ چنار کی مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی اور راستوں کی بندش ختم کرنے کے لیے "مشترکہ ٹاسک فورس” تشکیل دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیرِ صدارت مرکزی دفتر اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطوں، راستوں کی بندش ختم کرانے، اور ذمہ داریاں بانٹنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین، اور پارہ چنار کے نوجوان نمائندوں سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: امداد روکنا جنگی جرم، مسلم اُمہ کو فیصلہ کن اقدام چاہیے، اسحاق ڈار
اجلاس میں پارہ چنار کے طویل عرصے سے جاری مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ میئر پارہ چنار مزمل حسین کی بلاوجہ گرفتاری اور ان پر جھوٹے مقدمات کو "طاقت کا غلط استعمال” قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے لیے قانونی، عوامی، اور انتظامی اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔ بتایا گیا کہ معاملے کے لیے بہترین وکلاء کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ضرورت پڑنے پر ٹیم میں اضافہ کیا جائے گا۔







