200 سے زائد معصوم جانیں ضائع ہونے کے باوجود حکومت بے بس نظر آتی ہے، علامہ سبطین سبزواری
شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے پاراچنار کا راستہ کھلوانے میں حکومت اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جامعة النجف میں علماء کے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 200 سے زائد معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں، مگر ان اندوہناک واقعات میں حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ وہ بے بس نظر آتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ یہ حکومت دہشت گردوں کی سہولت کار ہے یا ان کے سامنے بے بس۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پاور پالیٹکس کے خلاف ہیں، اسی لیے جیل میں ہیں: سینیٹر علامہ ناصر عباس
علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کہ سکیورٹی ادارے پاراچنار کے راستے کو کلیئر نہ کروا سکیں۔ مٹھی بھر دہشت گرد غیرقانونی اور غیر آئینی طور پر راستہ بند کرکے بیٹھے ہیں۔ ان سے راستہ کلیئر کروانے میں ناکامی افسوسناک اور ملکی سلامتی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور راستے خالی کروا کر حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاراچنار کے عوام کو بنیادی حقوق فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتے، تو یہ ملک کی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔







