پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے، علامہ سید احمد اقبال رضوی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے سے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اور ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ملک میں مزید مہنگائی کے طوفان کا باعث بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لگتا ہے پاکستان سے امن کا پرندہ اڑ چکا ہے، ادارے کہاں ہیں؟ علامہ مقصود ڈومکی
علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حکومت کے اس ظالمانہ اقدام نے عام آدمی کے لیے جینا دوبھر کر دیا ہے اور دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی میں ریکارڈ کمی کے حکومتی دعووں کی بھی قلعی کھل گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف لوگ اپنی گھریلو اشیاء اور اثاثے بیچ کر یا قرض لے کر زندگی گزارنے پر مجبور نظر آتے ہیں، تو دوسری طرف عوام پر پیٹرول بم گراکر بے درد اور بے حس حکمران ملکی وسائل اور قومی خزانے کو اپنی عیاشیوں پر لٹانے میں مصروف ہیں۔







