ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے خلاف ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعیت نیوز: ممتاز عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے دورہ لاہور کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی، مولانا ظہیر کربلائی، سابق چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن سید حسنین جعفر زیدی، وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رانا کاظم علی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
کراچی میں دھرنے کے دوران استقامت کا مظاہرہ کرنے پر رہنماؤں نے علامہ حسن ظفر نقوی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ حق کے لیے جان کی پرواہ نہ کرنا درسِ کربلا ہے۔ انہوں نے علامہ حسن ظفر نقوی سمیت کراچی کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گستاخ مولوی عبدالرزاق کے خلاف کارروائی میں اے ٹی اے دفعات نافذ کی جائیں، غلام عباس
علامہ حسن ظفر نقوی نے اہلیان لاہور کی جانب سے مظلومین پاراچنار کے لیے کامیاب دھرنے پر انہیں بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی ہیں، خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو، اور ہر ظالم کے خلاف ہیں، خواہ وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار کے مظلوموں پر مظالم کم نہیں ہوئے۔ حکومت کی جانبداری اور دہشت گرد نوازی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ حیرت ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مٹھی بھر دہشت گردوں کو قابو نہیں کر پا رہے۔







