پی ٹی آئی احتجاج: سڑکیں کنٹینرز لگاکر بند، موبائل سروس معطل، ڈبل سواری پر پابندی، فوج طلب
شیعیت نیوز:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کے پیش نظرحکومت نے وفاقی دارالحکومت کو کنٹینرسٹی میں تبدیل کردیا جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد فوج طلب کرلی گئی ہے۔
حکومت نے جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کردیے جبکہ فیض آباد کے دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کردیا۔
راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل سروس معطل ہے، ڈبل سواری پر پابندی اورمیٹرو بس سروس اور تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، وفاقی کابینہ کی جانب سے فوج تعینات کی منظوری کے ساتھ ہی فوج طلب کرلی گئی ہے جبکہ شہر سے 412 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسے کی تقاریر سیاسی خودکشی کے برابر ہیں، خواجہ آصف
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کی تیاری مکمل کرلی، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے قافلے روانہ ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ڈی چوک احتجاج کے لیے مخصوص اور تربیت یافتہ دستہ قافلوں سے پہلے جائے گا، راستے کلئیر کرنے کے لیے بھاری مشینری قافلوں سے آگے ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے قافلوں کو اسلام آباد کے راستے بند ہونے کے باوجود ہر صورت ڈی چوک تک پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی چوک احتجاج کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 11 بجے پشاور سے روانہ ہوں گے اور 12 بجے صوابی میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
کابینہ اراکین، پارٹی قیادت اور اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے قافلوں کی نگرانی کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی کو احتجاج کے لیے 500 کارکن لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے جبکہ احتجاج کے لیے خصوصی کنٹینر تیاراور ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔







